ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کراچی ایئرپورٹ کے قریب مسافر طیارہ رہائشی آبادی والے علاقہ پر گر کر تباہ

کراچی ایئرپورٹ کے قریب مسافر طیارہ رہائشی آبادی والے علاقہ پر گر کر تباہ

Fri, 22 May 2020 16:03:00    S.O. News Service

کراچی 22/مئی (ایس او نیوز) پاکستان  کی قومی ایئرلائن پاکستان انٹرنیشنل ائییر لائنس(  پی آئی اے) کا مسافر طیارہ جمعہ کو کراچی میں لینڈنگ سے کچھ دیر قبل گر کر تباہ ہوگیا ، بتایا گیا ہے کہ یہ طیارہ لاہور سے کراچی پہنچا تھا۔

پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق طیارہ ماڈل کالونی کے قریب رہائشی آبادی والے علاقے  میں گرا ہے،  ٹی وی فوٹیچ کے مطابق طیارہ گرنے کے بعد اس میں اور اس کی زد میں آنے والی گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔ جبکہ جائے حادثہ سے دھووں کے کالے بادل اٹھتے دیکھے گئے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں اور حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جائے حادثہ سے دور رہیں تاکہ امدادی کارروائیوں میں خلل پیدا نہ ہو۔ تاحال حکام کی جانب سے حادثے کی وجوہات اور اس سے ہونے والی جانی اور مالی نقصانات کے بارے میں کوئی تفصیل فراہم نہیں کی ہے البتہ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ آبادی والے علاقے پر گرنے کی وجہ سے اس حادثے میں  زائد  ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔

خیال رہے کہ کوورنا کی وبا پھیلنے کے بعد دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی  پروازوں کا سلسلہ دو ماہ تک معطل تھا، بتایا گیا ہے کہ حال ہی میں  یہ سروس دوبارہ بحال کی گئی تھی ۔ میڈیا کی رپورٹ کے مطابق  سول ایوی ایشن اتھارٹی نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ طیارے میں 99 مسافر اور عملے کے 8ارکان سوار تھے۔

بتایا گیاہے کہ پی آئی اے کے طیارے نے حادثے سے ایک گھنٹہ30 منٹ قبل لاہور ایئر پورٹ سے اڑان بھری تھی اور کراچی ائیر پورٹ پر لینڈنگ سے کچھ دیر پہلے گرکر تباہ ہوگیا۔ حادثہ کے بعد کراچی ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن روک دیا گیا ہے۔


Share: